واٹس ایپ صارفین کیلئے گوگل ڈرائیو کے بغیر چیٹ منتقل کرنا جلد ممکن

Published On 30 April,2023 03:06 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا واٹس ایپ صارفین کیلئے ایک ایسا فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے جس کی مدد سے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے چیٹ کی منتقلی انتہائی آسان ہو جائے گی۔

واٹس ایپ بِیٹا انفو کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق جلد ہی کمپنی کی جانب سے ایسی سہولت فراہم کر دی جائے گی جس کے تحت دو اینڈرائیڈ ڈیواسز کے درمیان واٹس ایپ چیٹ کی منتقلی بغیر گوگل ڈرائیو کے کی جا سکے گی، یہ نیا فیچر واٹس ایپ اینڈرائیڈ بِیٹا کے 2.23.9.19 ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔

اس فیچر کا مقصد چیٹ کی منتقلی کے عمل سے مؤثر انداز میں گوگل ڈرائیو چیٹ بیک اپ کی ضرورت کو ختم کرنا ہے،اگر آپ اینڈرائیڈ کے لئے واٹس ایپ کے بِیٹا ٹیسٹر ہیں تو آپ یہ نئی اپ ڈیٹ گوگل پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

ایپ کے اندر سیٹنگ مینیو میں چیٹ ٹرانسفر کا ایک آپشن ہوگا، اس آپشن کو چننے کے بعد ایک کیو آر کوڈ سامنے آئے گا جس کو نئی اینڈرائیڈ ڈیوائس سے سکین کیا جاسکے گا تاکہ منتقلی کے عمل کو شروع کیا جاسکے۔