میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام بھی سٹوریز کا فیچر متعارف کروانے کیلئے تیار

Published On 28 June,2023 05:12 pm

دبئی: (دنیا نیوز) معروف میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام پر بھی متعدد دیگر سوشل میڈیا ایپس کی طرز پر سٹوریز کا فیچر آئندہ ماہ متعارف کروایا جائے گا۔

ٹیلی گرام کے بانی پاویل دوروف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میسجنگ ایپ میں سٹوریز کا فیچر آئندہ ماہ کسی وقت صارفین کیلئے دستیاب ہوگا، ہم اپنی حریف ایپس کی طرح اس فیچر کو کاپی نہیں کر رہے بلکہ اسے منفرد انداز سے ٹیلی گرام کا حصہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صارفین خود فیصلہ کر سکیں گے کہ ان کی ہر سٹوری کو کون دیکھ سکے گا، سٹوریز چیٹ لسٹ کے اوپر نظر آئیں گی اور کسی کانٹیکٹ کی سٹوری کو ہائیڈ کرنا بھی ممکن ہوگا، صارفین ٹیلی گرام سٹوریز میں کیپشنز کے ساتھ ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی پوسٹ کر سکیں گے۔

یاد رہے کہ سنیپ چیٹ نے سال 2013ء میں سب سے پہلے سٹوریز کا فیچر متعارف کروایا تھا، اس کے بعد فیس بک، میسنجر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سمیت متعدد سوشل میڈیا ایپس نے اپنی سروسز میں اس فیچر کا اضافہ کیا۔