کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹاگرام اور فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے دو ایسے نئے ٹول متعارف کرائے ہیں جو نوجوانوں کو ان ایپس پر ٹائم صرف کرنے کے متعلق متنبہ کرتے رہیں گے۔
میٹا کی جانب سے ایک پوسٹ میں بتایا گیا کہ یہ اپ ڈیٹس نوجوانوں کو اپنے آن لائن مشاہدات پر قابو کا احساس ہونے کے لئے بنائی گئی ہیں، پہلا نیا ٹول نوجوانوں کو فیس بک پر زیادہ وقت گزارنے پر نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
میٹا کا کہنا تھا کہ فیس بک پر 20 منٹ گزارنے کے بعد نوجوانوں کو ایک نوٹیفکیشن موصول ہوگا جو ان کو ایپ سے وقفہ لینے پر زور دے گا اور روز مرہ کے وقت کا تعین کرائے گا۔
دوسری جانب دوسرا فیچر فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ اِنسٹاگرام پر رات میں ریلز دیکھنے پر نوجوانوں کو تنبیہ کرے گا۔
میٹا کی جانب سے یہ نیا فیچر اِنسٹاگرام پر ’کوائٹ موڈ‘ متعارف کرائے جانے کے فوری بعد پیش کیا گیا ہے، یہ فیچر صارفین کو اپنے دوستوں اور فالوورز کی حدود کا تعین کرنے میں مدد دے گا۔
کوائٹ موڈ نوٹیفکیشن کو خاموش کرتا ہے اور ڈائریکٹ میسجز کو خود بخود جواب بھیج دیتا ہے۔