سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک ) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے ایسے صارفین جو " بلیو ٹک " سے محروم ہیں، ان کے پیغامات بھیجنے پر بھی پیسے وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ایسے ”اَن ویریفائیڈ“ ٹوئٹر صارفین کو اب اپنے دوستوں کو ڈائریکٹ میسیجز یا ڈی ایم (براہ راست پیغامات) بھیجنے کیلئے بھی فیس ادا کرنی ہوگی۔
ٹوئٹر اپنے پلیٹ فارم اور پالیسیز میں مسلسل تبدیلیاں کر رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین کو اپنی سبسکرپشن سروس اور ٹوئٹر بلیو کے لئے سائن اپ کرنے کی ترغیب دی جائے۔
کمپنی جلد ہی ڈائریکٹ میسیجز میں سپام کو کم کرنے کی کوشش میں غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بھیجے جانے والے پیغامات کی تعداد کیلئے روزانہ کی حد مقرر کرے گی۔
تو آسان الفاظ میں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ اگر آپ کے ٹوئٹر پروفائل پر نیلے رنگ کا نشان نہیں ہے تو آپ پلیٹ فارم پر لامحدود براہ راست پیغامات بھیجنے کے قابل نہیں ہوں گے۔
ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ 22 جولائی سے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے روزانہ کی ایک حد مقرر کی جائے گی، تاہم کمپنی نے ابھی تک مخصوص حد نہیں بتائی کہ روزانہ کتنے میسیجز بھیجے جاسکیں گے ، مقررہ حد سے زایدہ پیغامات بھیجنے کے لیے صارفین کو ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن لینی ہوگی۔
حال ہی میں ٹوئٹر نے ایک فیچر متعارف کرایا ہے جہاں تصدیق شدہ صارفین کے پیغامات جنہیں وصول کنندہ فالو نہیں کرتا، کو ایک علیحدہ ”میسیج ریکویسٹ ان باکس“ میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔
ٹوئٹر نے اس فیچر کی جانچ کا آغاز جون 2023 میں شروع کیا تھا اور اسے 14 جولائی کو باضابطہ طور پر متعارف کرایا تھا، اس تبدیلی سے پہلے ہی گزشتہ ہفتے کے مقابلے براہ راست پیغامات میں سپام میں 70 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے ٹوئٹس کی تعداد پر بھی ایک ”عارضی“ حد لگا دی ہے ، مزید برآں، کمپنی نے ان صارفین کے لیے جو لاگ ان نہیں ، ویب پر ٹویٹس اور تبصروں تک رسائی کو بھی محدود کر دیا ہے ۔