کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سربراہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ایلون مسک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر بوٹس سے نمٹنے کیلئے ماہانہ بنیادوں پر معمولی فیس عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ایلون مسک کی ملکیت میں آنے کے بعد سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سربراہ ایکس ایلون مسک کا ایک لائیو اسٹریم میں گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ پلیٹ فارم ماہانہ بنیادوں پر معمولی فیس عائد کرنے جا رہا ہے تاکہ پلیٹ فارم پر وسیع تعداد میں موجود بوٹس سے نمٹنے کیلئے ایکس سسٹم کو استعمال کیا جاسکے۔
تاہم، ایلون مسک کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ نئے منصوبے کے تحت ایکس صارفین کو کتنی رقم ادا کرنی پڑے گی یا سبسکرائبر کو کونسے فیچر دستیاب ہوں گے۔
دورانِ گفتگو ایلون مسک نے کہا کہ ایکس پر فی الحال 55 کروڑ ماہانہ صارفین ہیں جو روزانہ کی بنیادوں پر 10 کروڑ سے 20 کروڑ کے درمیان پوسٹ کرتے ہیں، اس لئے بوٹس کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایک معمولی سی فیس کا متعارف کرایا جانا ضروری ہوگا۔
سربراہ ایکس کا کہنا تھا کہ سبسکرپشن فیس بوٹس کیلئے اکاؤنٹ بنانا مشکل کرے گا کیوں کہ ہر بوٹ کو پلیٹ فارم پر رجسٹر ہونے کیلئے نئے کریڈٹ کارڈ کی ضرورت ہوگی۔