ملک میں ٹک ٹاک بند کرنے کی درخواست پر پی ٹی اے کو نوٹس

Published On 20 June,2024 01:04 pm

پشاور:(دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان میں ٹک ٹاک بند کرنے کے لئےدائر درخواست پر پی ٹی اے کو نوٹس جاری کردیا۔

پشاور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پرمشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی ، وکیل درخواست گزار کی ٹک ٹاک کو بند کرنے کی استدعا پر گزشتہ سماعت پر عدالت نے فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔

عدالت کے جواب طلب کرنے پرپیمرا کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے، وکیل پیمرا کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ ٹک ٹاک کو ریگولیٹ ہم نہیں کرتے پی ٹی اے کرتا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس میں ہم نے پی ٹی اے کو نوٹس کیا تھا؟ جس پر وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کو نوٹس نہیں کیا تھا۔

وکیل درخواست گزار کا اپنے دلائل میں مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کا بہت زیادہ استعمال ہے، دنیا میں زیادہ استعمال کرنے والے دو ممالک میں پاکستان شامل ہے۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے لوگوں کا اور کوئی کام نہیں ہے، لوگ اتنے فارغ بیٹھے ہوتے ہیں، بعدازاں دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے پی ٹی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 26 جون تک ملتوی کردی۔