پشاور:(ویب ڈیسک )عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی خیبرپختونخوا میں کانگو وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر صوبے کے 7 اضلاع میں 144 لگانے کی سفارش کردی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں کانگو وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر محکمہ لائیو سٹاک نے 7 اضلاع میں دفعہ 144 لگانے کی سفارش کی ہے۔
ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان)،کرک، لکی مروت، نوشہرہ، کوہاٹ، صوابی اور ہری پور کے کمشنرز کو خطوط ارسال کردیئے گئے، جس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ بغیر ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے شہر میں جانوروں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے، صوبے میں تمام انٹری پوائنٹس پر مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے، خط میں یہ بھی سفارش کی گئی ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے سپرے کو یقینی بنایاجائے۔
واضح رہے کانگو وائرس کی علامات میں تیز بخار، پٹھوں میں درد، چکر آنا، پیٹ درد اور متلی شامل ہے، اس وائرس کا بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں انسان موت کے منہ میں بھی جاسکتا ہے۔