پشاور ایئرپورٹ پر عازمین حج کو لے جانے والی پرواز گھنٹوں تاخیر کا شکار

Published On 28 May,2024 02:40 am

پشاور: (دنیا نیوز) پی آئی اے کی پرواز گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں عازمین حج کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پرواز عازمین حج کو لے کر  روانہ ہوئی تاہم اڑان کے کچھ دیر بعد ہی پرواز کو فنی خرابی کی وجہ سے پشاور ایئرپورٹ پر واپس اتار لیا گیا، لینڈنگ کے کئی گھنٹوں بعد بھی پرواز کو روانہ نہ کیا جا سکا۔

دوپہر ایک بجے سے ایئرپورٹ پر موجود عازمین حج سمیت دیگر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، گرمی کی وجہ سے کئی مسافروں کی حالت ناساز ہو گئی، حکام کی جانب سے پرواز روانگی کا صحیح وقت نہیں بتایا گیا جس کے باعث مسافر مزید بے چینی کا شکار ہو گئے۔