بلیو اوریجن کا آل ویمن مشن دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا

Published On 14 April,2025 09:29 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) بلیو اوریجن کا آل ویمن اسپیس مشن دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا، بغیر پائلٹ کے امریکی گلوکارہ کیٹی پیری سمیت 6 خواتین خلا کی سیر کے بعد باحفاظت زمین پر واپس پہنچ گئیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن (Blue Origin) کے ایک تاریخی خلائی مشن میں امریکی گلوکارہ کیٹی پیری سمیت 6 خواتین نے آج خلا کا سفر کیا، خلائی مہمانوں نے 11 منٹ تک خلا کی سیر کی،باحفاظت زمین پر واپسی ہوئی۔

یہ مشن ناصرف تکنیکی لحاظ سے اہم ہے بلکہ سماجی اور علامتی اعتبار سے بھی ایک سنگِ میل ہے، گزشتہ 60 برس میں پہلی مرتبہ صرف خواتین پر مشتمل عملہ خلاء کی جانب روانہ ہوا۔

مشن کی قیادت جیف بیزوس کی منگیتر صحافی لارین سانچیز نے کی ، براڈکاسٹر گیل کنگ، راکٹ سائنسدان عائشہ بو، سماجی کارکن امندا نگوین اور فلم پروڈیوسر کیریان فلین بھی مشن میں شامل تھیں۔

واضح رہے کہ بلیو اوریجن ایک خود مختار راکٹ ہے جسے پائلٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔