کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی جانب سے سرچ انجن کے ہوم پیج پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا بٹن شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
اس وقت کوئی بھی شخص موبائل یا کمپیوٹر پر جیسے ہی گوگل سرچ انجن کا ہوم پیج کھولتا ہے تو اسے مرکزی پیج پر ’گوگل سرچ‘ اور ’آئی ایم فیلنگ لکی‘ کے جملے یا بٹن نظر آتے ہیں۔
تاہم جلد ہی گوگل کی جانب سے مرکزی پیج پر موجود ’آئی ایم فیلنگ لکی‘ کے بٹن کو ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے مرکزی پیج پر ’آئی ایم فیلنگ لکی‘ کے بٹن کو ’اے آئی موڈ‘ کے بٹن سے تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔
تبدیلی کے بعد ’آئی ایم فیلنگ لکی‘ کی جگہ ’اے آئی موڈ‘ لکھا نظر آئے گا اور صارفین کی جانب سے اسے کلک کئے جانے پر وہ اے آئی سرچ انجن میں چلے جائیں گے، گوگل کی جانب سے اے آئی موڈ کو ’جیمنائی‘ سے منسلک کیا جائے گا اور صارفین جیمنائی اے آئی کے تحت سرچز کر سکیں گے۔
رپورٹ میں امریکا کے سوشل میڈیا صارفین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گوگل نے سرچ انجن کے ہوم پیج پر ’اے آئی موڈ‘ کی آزمائش بھی شروع کر دی ہے اور محدود صارفین کو اس تک رسائی دی جا چکی ہے۔
تاہم گوگل کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا لیکن امکان ہے کہ جلد ہی کمپنی کی جانب سے پہلے اے آئی موڈ کی آزمائش کا اعلان کیا جائے گا اور پھر اسے متعارف کرانے کا اعلان کر دیا جائے گا۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگلے چند ہفتوں تک گوگل کی جانب سے اے آئی موڈ کو سرچ انجن کا حصہ بنائے جانے سے متعلق اعلان کر دیا جائے گا۔