ٹک ٹاک میں تصاویر کو اے آئی ویڈیوز میں تبدیل کرنے کا فیچر پیش

Published On 15 May,2025 08:51 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک نے سٹوریز میں عام تصاویر اور سیلفیز کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ویڈیو میں تبدیل کرنے کا فیچر پیش کر دیا۔

شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صارفین کو مذکورہ فیچر صرف ٹک ٹاک سٹوریز میں دستیاب ہوگا، جس کے ذریعے صارفین اپنی تصاویر کو اے آئی ویڈیو میں تبدیل کر سکیں گے۔

مذکورہ فیچر کو ’اے آئی الائیو‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین سٹوریز میں شیئر کردہ تصاویر کو ایک کلک کے ذریعے اے آئی ویڈیو سے تبدیل کر سکیں گے، فیچر کے تحت اگر کوئی صارف سٹوری کیمرا کے ذریعے اپنی تازہ سیلفی بنائے گا تو اے آئی فیچر ان کی سیلفی کو اے آئی ویڈیو میں تبدیل کرنے کا آپشن فراہم کرے گا۔

اسی طرح صارف کی جانب سے نکالی گئی تصویر کو بھی اے آئی ویڈیو میں تبدیل کیا جا سکے گا، اے آئی ٹولز از خود تصویر یا سیلفی میں دوسری چیزیں شامل کر کے تصویر کو ویڈیو میں تبدیل کر دیں گے۔

یعنی اگر صارف کی کھلے میدان میں تصویر بنی ہوئی ہوگی تو اے آئی ٹولز تصویر میں بادل، پہاڑ، دریا اور سمندر سمیت دیگر نظارے بھی شامل کرنے کا آپشن فراہم کریں گے۔

اسی طرح صارفین اپنی تصاویر کو اے آئی ویڈیو میں تبدیل ہونے پر پسند نہ آنے پر ایڈٹ بھی کر سکیں گے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے تصاویر کو اے آئی ویڈیوز میں تبدیل کئے جانے کے بعد ویڈیوز پر اے آئی کا لیبل بھی لگایا جائے گا جبکہ ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ کرنے پر بھی معلوم ہوجائے گا کہ ویڈیو اے آئی کی مدد سے بنائی گئی ہے۔