گوگل نے ایک دہائی بعد اپنے لوگو میں تبدیلی کرلی

Published On 13 May,2025 06:57 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں مقبول سرچ انجن گوگل نے دہائی بعد اپنے لوگو میں تبدیلی کردی۔

گوگل نے اپنے لوگو کو اپڈیٹ کرتے ہوئے لوگو کے پہلے حرف  جی  میں تبدیلی کی ہے جو  جی  کے رنگوں کے ذریعے کی گئی ہے، پہلے لوگو کے حرف  جی  میں 4 رنگ الگ الگ نمایاں تھے لیکن اب تبدیلی کے بعد لال، پیلے، ہرے اور نیلے رنگ ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔

اس نئی تبدیلی کے بعد لوگو کو دیکھ کر معلوم یوں ہوتا ہے کہ یہ رنگ قوس و قزح کی طرح ایک کے بعد ایک نکل رہے ہوں، گوگل کا نیا لوگو اتوار کو گوگل IOS ایپ میں اپ ڈیٹ کے حصے کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔

گوگل کے مطابق گوگل 16.8 بیٹا ایپ میں اسی طرح کی اپ ڈیٹ نے اینڈرائیڈ پر مشہور  جی  لوگو میں نئے رنگ شامل کیے ہیں، تاہم کمپنی نے ابھی تک یہ تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا یہ نئے لوگو کا اطلاق 6 حروف والے  گوگل  لوگو پر بھی ہو گا یا نہیں۔

اس حوالے سے گوگل نے بھی اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا نیا لوگو اس کی دیگر ایپس، جیسے کروم یا میپس کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا، واضح رہے گوگل لوگو کی آخری اپ ڈیٹ 2015 میں کی گئی تھی۔