گوگل کروم نے اینڈرائیڈ فونز کیلئے نیا فیچر متعارف کروادیا

Published On 19 May,2025 09:57 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں گوگل کروم کے لیے ایک بہترین اور کارآمد فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

ابھی اینڈرائیڈ ایپس میں ٹو فیکٹر authentication کوڈز اگر ایس ایم ایس سے موصول ہوتے ہیں تو ڈیوائس کی جانب سے کوڈ کو خودکار طور پر ڈیٹیکٹ کرکے ایپ میں سائن ان کر دیا جاتا ہے۔

مگر اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں گوگل کروم پر ویب سائٹس کے لیے آپ کو کوڈ کو کاپی پیسٹ کرنا پڑتا ہے یا دیکھ کر ٹائپ کرنا پڑتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل کروم میں اب ایس ایم ایس سے موصول ہونے والے کوڈز کو کاپی پیسٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ خودکار طور پر سائن ان فیلڈ میں ایڈ ہو جائیں گے۔

ون ٹائم پنز (او ٹی پی)کی خودکار ڈیٹیکشن سے ایپس میں وقت بچانے میں مدد ملتی ہے تو ویب سائٹس کے لیے بھی یہ فیچر بہت کارآمد ثابت ہوگا، ابھی بھی کچھ ویب سائٹس ایسی ہیں جن کی اپنی ایپس نہیں ہوتیں یا صارفین ہی سب سائٹس کی ایپس ڈاؤن لوڈ کرنا پسند نہیں کرتے۔

اس فیچر کی آزمائش محدود صارفین میں کی جا رہی ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہوگا۔