کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) پیغام رسانی کیلئے استعمال ہونے والی دنیا کی سب سے مقبول ایپلیکیشن واٹس ایپ نے سٹیٹس شیئرنگ فیچر پر کام شروع کر دیا۔
واٹس ایپ کی جانب سے رواں سال متعدد نئے فیچر متعارف کرائے گئے ہیں جس کا مقصد صارفین کو نت نئی سہولیات فراہم کرنا اور دوسری ایپلیکیشن پر سبقت لے جانا شامل ہے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ صارفین کو ایک نئے فارورڈنگ ٹوگل (بٹن) کے ساتھ سٹیٹس پوسٹس پر بہتر کنٹرول حاصل کرنے کا اختیار فراہم کرے گا، یہ آپشن صارفین کو یہ فیصلہ کرنے کی اجازت دے گا کہ آیا کوئی بھی رابطہ اپنا سٹیٹس شیئر کر سکتا ہے یا نہیں۔
نیا فیچر سب سے پہلے اینڈرائیڈ بیٹا کے ورژن 2.25.16.16 میں دیکھا گیا تھا اور امکان ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اسے عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔
یہ خصوصیت سٹیٹس پرائیویسی سیٹنگز میں آن/آف سوئچ کو شامل کرتی ہے، اگر فیچر بند ہے تو ٹوگل آپ کے رابطوں کو آپ کے سٹیٹس کو آگے بھیجنے یا دوبارہ شیئر کرنے سے روک دے گا۔
واٹس ایپ پرائیویسی مینو کے تحت سٹیٹس سیٹنگ کے اندر”الاؤ ری شیئر‘‘ سوئچ متعارف کرائے گا جسے آف کئے جانے کے بعد ناظرین کی سکرینز سے فارورڈ آئیکن ہٹ جائے گا، سٹیٹس فارورڈنگ کی اجازت کے ساتھ فارورڈ کی گئی کاپی میں آپ کی پرائیویسی کی حفاظت کیلئے آپ کا فون نمبر اور پروفائل کی تفصیلات پوشیدہ رہیں گی۔
دوسری جانب اس آپشن کو آن کر دینے سے آپ کے کانٹیکٹس میں شامل افراد اسے اپنی چیٹس یا سٹیٹس فیڈ میں بآسانی شیئر کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ اب تک صارفین صرف یہ کنٹرول کر سکتے تھے کہ ان کا سٹیٹس کون دیکھتا ہے؟ تاہم اب مخصوص اجازت کے ساتھ واٹس ایپ سٹیٹس کو شیئر کیا جاسکتا ہے۔