چین میں اے آئی پر مبنی چیٹ بوٹس اور متعدد فیچرز عارضی طور پر بند

Published On 11 June,2025 10:24 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ملک گیر سطح پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی چیٹ بوٹس اور ان کے متعدد فیچرز عارضی طور پر بند کر دیئے گئے ہیں۔

یہ اقدام ”گاؤکاؤ“ (Gaokao) کے دوران کیا گیا ہے، جو کہ چین کا سب سے اہم تعلیمی داخلہ امتحان ہے، اس امتحان میں لاکھوں طلبہ شرکت کرتے ہیں تاکہ ملک کی اعلیٰ جامعات میں داخلہ حاصل کر سکیں۔

چینی حکام کو خدشہ ہے کہ اے آئی ٹولز کے ذریعے نقل یا چیٹنگ ممکن ہو سکتی ہے، جس کی وجہ سے اے آئی کمپنیوں کو یہ اقدام اٹھانا پڑا۔

بلوم برگ کے مطابق کئی بڑی اے آئی کمپنیوں نے اپنی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی اے آئی سروسز معطل کر دی ہیں، ان میں علی بابا کا Qwen، ٹینسنٹ کا Yuanbao، بائٹ ڈانس کا Doubao اور Moonshot کا Kimi شامل ہیں، ان تمام اے آئی ٹولز نے گاؤکاؤ امتحانات کے دوران اپنی تصویر شناخت کرنے کی صلاحیتیں بند کر دی ہیں۔

یہ امتحانات چین کا سب سے اہم تعلیمی مرحلہ سمجھے جاتے ہیں، جس میں تقریباً 1 کروڑ 34 لاکھ طلبہ محدود یونیورسٹی نشستوں کیلئے مقابلہ کرتے ہیں، ان نشستوں میں 147 اعلیٰ درجے کی یونیورسٹیاں شامل ہیں، جنہیں ”ڈبل فرسٹ کلاس کنسٹرکشن“ پروگرام کا حصہ سمجھا جاتا ہے، ان امتحانات کے نتائج طلبہ کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل پر گہرے اثرات ڈالتے ہیں۔

امتحانات کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے چینی حکام پہلے ہی سخت اینٹی-چیٹنگ اقدامات نافذ کر چکے ہیں، جن میں امتحانی ہالز میں الیکٹرانک ڈیوائسز کی پابندی سے لے کر ڈرونز کے ذریعے نگرانی شامل ہے، تاہم جنریٹو اے آئی ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ سے چیٹنگ کے نئے امکانات نے حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

بلوم برگ کے مطابق Yuanbao اور imi* جیسے اے آئی ٹولز اس وقت خودکار پیغامات کے ذریعے بتا رہے ہیں کہ امتحانات کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ان کی امیج فیچرز عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں، Doubao تاحال تصویریں اپ لوڈ کرنے کی اجازت دیتا ہے، مگر امتحانات سے متعلق سوالات کے جواب دینے سے انکار کرتا ہے، کیونکہ یہ ضوابط کے خلاف ہے، اسی طرح Qwen امتحانی پرچوں کا تجزیہ کرنے سے امتحان کے اوقات کے دوران گریز کرتا ہے۔

اس سے قبل چینی وزارت تعلیم نے سکولوں میں جنریٹو اے آئی کے انضمام کیلئے ایک نیا فریم ورک جاری کیا تھا، جس کے مطابق پرائمری اور سیکنڈری سکول کے طلبہ کو آزادانہ طور پر اے آئی ٹولز استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے، خصوصاً وہ ٹولز جو کھلے عام اور غیر معین مواد تیار کرتے ہیں۔

حکومت نے اساتذہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اے آئی کو صرف مددگار تدریسی آلہ کے طور پر استعمال کریں، نہ کہ اس کی جگہ انسانی تدریس کو ختم کیا جائے۔

چینی اخبار چائنا ڈیلی کے مطابق حکومت کے ”بنیادی تعلیم تدریسی رہنما کمیٹی“ کی 2025 کی ہدایت میں یہ بتایا گیا ہے کہ chatGPT* اور DeepSeek جیسے ٹولز کو پرائمری اور سیکنڈری تعلیم میں کیسے شامل کیا جا سکتا ہے، ان رہنما اصولوں میں اخلاقیات، عمر کے مطابق استعمال، ضرورت سے زیادہ انحصار، تعلیمی بددیانتی، اور پرائیویسی کے تحفظ پر خاص زور دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد اے آئی کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے تاکہ یہ ٹیکنالوجی اساتذہ کی مدد کرے، نہ کہ ان کی جگہ لے۔