اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری شدہ 49 لاکھ سے زائد موبائل سمز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور نادرا کی سفارش پر وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کر دی ہے ۔
ذرائع کے مطابق منسوخ شدہ،زائدالمیعاد اور فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ پر جاری موبائل سمز مرحلہ وار بند ہوں گی، 2017 سے زائد المیعاد شناختی کارڈ پر جاری موبائل سمز 30 جون 2025 کو بند کردی جائیں گی، 2018 میں زائد المیعاد ہونے والے شناختی کارڈز کی موبائل سمز 31 جولائی کو بند کی جائیں گی۔
اسی طرح 2019 کے شناختی کارڈز پر جاری شدہ سمز 31 اگست،2020 کے شناختی کارڈز کی سمز 30 ستمبرکو بند ہوں گی، 2021 کے شناختی کارڈز کی سمز 31 اکتوبر،2022 کے زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز30 نومبر تک بند ہوں گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ 2023،2024 اور2025 میں زائدالمیعاد ہونے والے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ موبائل سمز 31 دسمبر کو بند ہو جائیں گی، ایسے شناختی کارڈز کی مجموعی تعداد 49لاکھ 6 ہزار 611 ہے جن کی تجدید نہیں ہوئی یا ان کا انتقال ہو چکاہے۔