کیلیفورنیا : (ویب ڈیسک) انسٹاگرام پر صارفین اب دوسروں کی پوسٹس اپنی فیڈ میں دوبارہ شیئر کر سکیں گے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کررہا ہے، جس کے تحت صارفین دوسروں کی پوسٹ کو اپنی فیڈ میں دوبارہ شیئر کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق انسٹاگرام کا یہ نیا فیچر اِن صارفین کیلئے کارآمد ثابت ہوگا، جو سکرین شاٹس کی مدد سے مواد شیئر کرتے تھے، تاہم، اب صارفین کسی بھی پبلک پوسٹ کو باقاعدہ اجازت کے ساتھ اپنی پروفائل پر ری پوسٹ کر سکیں گے۔
انسٹاگرام نے تصدیق کی ہے کہ ری پوسٹ کئے گئے مواد کیلئے ایک الگ ٹیب مخصوص کیا جائے گا تاکہ اصل پوسٹ اور ری پوسٹ میں فرق واضح رہے، ساتھ ہی یہ آپشن بھی دیا جائے گا کہ صارف چاہیں تو اپنی پوسٹ پر پرائیویسی چیک لگاسکتے ہیں، جس سے کوئی بھی اُن کی پوسٹ کو شیئر نہیں کر سکے گا۔
اس فیچر کی مدد سے وہ صارفین یا کریئیٹرز جن کے ویڈیوز یا پوسٹس وائرل ہوتی ہیں، انہیں باقاعدہ کریڈٹ ملے گا، اِس سے نہ صرف اُن کی رسائی بڑھے گی بلکہ اُن کے مواد کی اہمیت میں بھی اضافہ ہوگا۔
انسٹاگرام کی جانب سے ابھی اس فیچر کے مکمل اجرا کی کوئی تاریخ نہیں دی گئی، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مرحلہ وار صارفین کو دستیاب کرایا جائے گا۔
قبل ازیں 2022 میں بھی انسٹاگرام نے اس فیچر کو متعارف کرانے کی کوشش کی تھی۔