پیرس: (ویب ڈیسک) انسانوں نے گوگل اور اوپن اے آئی کے بنائے گئے جنریٹیو اے آئی ماڈلز کو اعلیٰ سطح کے بین الاقوامی ریاضی مقابلے میں شکست دے دی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں اے آئی ماڈلز مکمل نمبر حاصل نہیں کر سکے، جبکہ 5 نوجوانوں نے انٹرنیشنل میتھیمیٹیکل اولمپیاڈ (آئی ایم او) میں مکمل 42 میں سے 42 نمبر حاصل کئے، جو کہ ہر سال منعقد ہونے والا ایک باوقار مقابلہ ہے اور اس میں شرکت کرنے والوں کی عمر 20 سال سے کم ہونی لازم ہے۔
گوگل نے بتایا کہ اس کے جیمینائی چیٹ بوٹ کے ایک جدید ورژن نے آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ میں منعقدہ آئی ایم او کے 6 میں سے 5 ریاضی کے سوالات حل کر لئے۔
امریکی ٹیک کمپنی نے آئی ایم او کے صدر گریگر دولینار کے حوالے سے کہا کہ ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ گوگل ڈیپ مائنڈ نے ایک طویل عرصے سے مطلوبہ سنگ میل حاصل کر لیا ہے، 42 میں سے 35 پوائنٹس حاصل کئے، جو گولڈ میڈل کیلئے کافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے حل کئی حوالوں سے حیران کن تھے، آئی ایم او کے گریڈرز نے انہیں واضح، درست اور زیادہ تر آسان فہم قرار دیا، تقریباً 10 فیصد انسانی شرکاء نے گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ 5 نے مکمل نمبر لئے۔
اوپن اے آئی نے بھی کہا کہ اس کے تجرباتی ریزننگ ماڈل نے امتحان میں گولڈ لیول کے 35 پوائنٹس حاصل کئے، اوپن اے آئی کے محقق الیگزینڈر ویئی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یہ نتیجہ مصنوعی ذہانت میں ایک طویل عرصے سے موجود عظیم چیلنج کو حاصل کرنے کے مترادف ہے اور دنیا کے سب سے باوقار ریاضی کے مقابلے میں ایک بڑی کامیابی ہے۔