کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل نے اپنی مشہور ایپ گوگل فوٹوز میں نئے دلچسپ فیچرز شامل کر دیئے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق گوگل فوٹوز میں چند نئے اور دلچسپ فیچرز شامل کئے گئے ہیں، جن کی مدد سے صارفین اپنی تصاویر کو نہ صرف مختصر ویڈیوز میں تبدیل کر سکیں گے بلکہ انہیں کارٹون، سکیچ، تھری ڈی یا اینیمی جیسے مختلف انداز میں بھی بنا سکیں گے۔
نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی کسی بھی تصویر کو 6 سیکنڈ کی مختصر ویڈیو میں تبدیل کر سکتے ہیں۔
گوگل نے اس فیچر میں دو آسان آپشنز دیئے ہیں، اگر آپ اپنی تصویر کو ویڈیو میں بدلنا چاہتے ہیں تو ان میں سے ایک آپشن منتخب کر سکتے ہیں، پہلا آپشن ’سبٹل موومنٹس‘ ہے، جس کا مطلب ہے کہ تصویر میں ہلکی پھلکی حرکت شامل کی جائے گی، جبکہ دوسرا آپشن ’آئی ایم فیلنگ لکی‘ ہے، جس کا مطلب ہے کہ گوگل خود اندازہ لگا کر تصویر کو دلچسپ انداز میں ویڈیو میں تبدیل کر دے گا۔
یعنی آپ کو صرف اپنی تصویر منتخب کرنی ہے، پھر یہ آپشن چننا ہے اور آپ کی تصویر ایک چھوٹے ویڈیو کلپ میں بدل جائے گی۔
گوگل فوٹوز کا ایک اور اہم فیچر ’ریمکس‘ ہے، جس کے ذریعے کوئی بھی تصویر چند لمحوں میں اینیمی، کامک، پینٹنگ یا دیگر تخلیقی انداز میں تبدیل کی جا سکتی ہے، یہ فیچر گوگل کے خصوصی اے آئی سسٹم ’امیجن‘ کی مدد سے کام کرے گا۔
ان تمام فیچرز کو گوگل فوٹوز میں ایک نئی جگہ یعنی ’کریئیٹ‘ ٹیب میں رکھا گیا ہے، جہاں صارفین کولاج، ہائی لائٹ ویڈیوز اور دیگر تخلیقی ٹولز بھی استعمال کر سکیں گے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ تمام اے آئی سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز پر ایک خاص واٹرمارک ’سنتھ آئی ڈی‘ ہوگا، تاکہ صارفین جان سکیں کہ یہ مواد مصنوعی ذہانت کی مدد سے تخلیق کیا گیا ہے، فوٹو کو ویڈیو میں تبدیل کرنے والا فیچر فی الحال امریکا میں اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کیلئے آج سے دستیاب ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ فیچرز ابھی تجرباتی ہیں اور صارفین کے ردعمل کی بنیاد پر انہیں مزید بہتر بنایا جائے گا۔