کم عمر انسٹا گرام صارفین کے تحفظ کیلئے مزید نئے فیچرز متعارف

Published On 24 July,2025 03:07 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا نے انسٹا گرام میں کم عمر صارفین کے تحفظ کیلئے مزید نئے فیچرز متعارف کرا دیئے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں ان فیچرز کا اعلان کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ ہم نے کم عمر صارفین کے انسٹا گرام اکاؤنٹس میں ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) کے حوالے سے نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔

ان فیچرز سے صارفین کو موصول ہونے والے میسجز کا تناظر جاننے میں مدد ملے گی اور وہ ممکنہ فراڈیہ افراد کو شناخت کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اب کم عمر صارفین نئے آپشنز دیکھ سکیں گے اور کسی بھی اکاؤنٹ کو بلاک کر سکیں گے، جبکہ نئے چیٹ میسجز میں یہ بھی واضح ڈسپلے کیا جائے گا کہ میسج بھیجنے والے نے کس سال انسٹا گرام کو جوائن کیا۔

ڈائریکٹ میسجز میں نئے بلاک اور رپورٹ آپشنز کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جن کے بارے میں میٹا کا دعویٰ ہے کہ اس سے صارفین بیک وقت مشتبہ اکاؤنٹس کو بلاک اور رپورٹ کر سکیں گے۔

میٹا نے بتایا کہ ڈائریکٹ میسجز کے فیچرز ابھی انسٹا گرام تک محدود ہوں گے مگر انہیں مستقبل میں فیس بک میسنجر کا حصہ بھی بنایا جاسکتا ہے، البتہ سیفٹی اور لوکیشن نوٹسز کا فیچر انسٹا گرام اور فیس بک دونوں پر دستیاب ہوگا۔

خیال رہے کہ انسٹا گرام میں 13 سے 17 سال کے صارفین کے اکاؤنٹس کو ٹین (teen) اکاؤنٹس قرار دیا جاتا ہے، ان اکاؤنٹس میں کمپنی کی جانب سے نوجوانوں کے تحفظ کیلئے ایسے اکاؤنٹس میں مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔