کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) گوگل کی ای میل سروس جی میل میں میٹریل 3 ایکسپریسیو ڈیزائن کو مزید بہتر بناتے ہوئے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق میٹریل 3 ڈیزائن کو سب سے پہلے جون میں پیش کیا گیا تھا اور اب اسے جی میل کے سرچ بار کا حصہ بنایا گیا ہے، اس اپ ڈیٹ کے تحت ہیمبرگر بٹن اور پروفائل سوئچر کو براؤزر سے ہٹا کر سرچ ویو کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سہولت مل سکے، تاہم یہ نیا ڈیزائن ابھی تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔
اس کے علاوہ جی میل کی اینڈرائیڈ ایپ میں "مارک ایز ریڈ" نامی ایک نیا فیچر شامل کیا گیا ہے جس کی آزمائش جون سے جاری تھی اور اب اسے تمام صارفین کے لیے رول آؤٹ کیا جا رہا ہے۔
اس فیچر کے تحت ڈیلیٹ اور ریپلائی بٹنوں کے درمیان ایک نیا بٹن شامل کیا گیا ہے جس کی مدد سے صارفین ای میلز کو منتخب کرکے انہیں ’ریڈ‘ کے طور پر نشان زد کر سکتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس کا مقصد ان صارفین کو سہولت دینا ہے جو ای میلز کو نہ پڑھنا چاہیں اور نہ ہی ڈیلیٹ کرنا چاہیں۔