گوگل نے پاکستان میں بھی اے آئی موڈ متعارف کرا دیا

Published On 27 August,2025 09:06 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے اپنے سب سے طاقتور اے آئی سرچ فیچر اے آئی موڈ کو دیگر ممالک کے بعد اب پاکستان میں متعارف کرادیا۔

یہ موڈ رواں سال کے آغاز میں سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔

گوگل کے مطابق یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کیلئے مددگار ہے جو تحقیق، مصنوعات کا موازنہ کرنے، سفر کی منصوبہ بندی یا پیچیدہ ’ہاؤ - ٹو‘ جیسے سوالات کے جوابات چاہتے ہیں۔

جیمنی (Gemini 2.5) کے کسٹم ورژن پر مبنی یہ موڈ صارفین کو ایک ہی بار میں طویل اور پیچیدہ سوالات پوچھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جو ماضی میں متعدد سرچز کے ذریعے ہی ممکن ہوتا تھا۔

ابتدائی ٹیسٹ کے مطابق اس موڈ میں کئے گئے سوالات روایتی سرچ کے مقابلے میں دو سے تین گنا زیادہ طویل ہیں۔

پاکستانی صارفین اس موڈ کو مختلف طریقوں سے استعمال کر سکتے ہیں، مثال کے طور پر وہ سفر کی منصوبہ بندی کیلئے ’اکتوبر میں ہنزہ کیلئے پانچ روزہ سیاحتی و کھانوں پر مبنی پروگرام تجویز کریں اور ساتھ ہی مزید سوال جیسے کہ ہنزہ میں کون سی مقامی ڈشز آزمانی چاہییں؟ پوچھیں گے تو انہیں مفصل جوابات فراہم کئے جائیں گے۔

اسی طرح تعلیم کے حوالے سے میرا بچہ نویں جماعت میں ہے اور ریاضی میں مشکل کا سامنا کر رہا ہے، کیا آپ مفت آن لائن وسائل بتا سکتے ہیں؟ پوچھنے پر بھی وہ درست معلومات فراہم کرے گا۔

گوگل کے مطابق پس پردہ یہ موڈ Query fan-out تکنیک استعمال کرتا ہے، جو سوال کو ذیلی موضوعات میں تقسیم کر کے الگ الگ سرچز کرتا ہے اور اس طرح زیادہ جامع اور متعلقہ نتائج فراہم کرتا ہے۔

یہ فیچر گوگل کے جدید ماڈلز اور اس کے سرچ سسٹمز کو یکجا کرتا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین نہ صرف اعلیٰ معیار کا ویب مواد بلکہ تازہ ترین نالج گراف اور اربوں مصنوعات کے شاپنگ ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

ملٹی موڈل فیچر کے باعث صارفین متن کے ساتھ ساتھ اپنی آواز یا تصاویر کے ذریعے بھی سوالات پوچھ سکتے ہیں، مثال کے طور پر کراچی کی مارکیٹ میں کوئی دکاندار اجنبی مصالحے کی تصویر اپلوڈ کر کے یہ جان سکتا ہے کہ وہ کس چیز کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق مقصد صارفین کو بہتر اور زیادہ درست سرچ تجربہ فراہم کرنا ہے، تاہم، جہاں اعتماد کی سطح کم ہو وہاں روایتی سرچ نتائج دکھائے جائیں گے۔

گوگل کا یہ اے آئی موڈ اب پاکستان میں انگریزی زبان میں گوگل ایپ (اینڈرائیڈ اور آئی او ایس) کے ساتھ ساتھ موبائل اور ڈیسک ٹاپ ویب پر بھی دستیاب ہے، اس موڈ کو پہلی بار ڈیسک ٹاپ پر استعمال کرنے کیلئے گوگل سرچ انجن کے ہوم پیج پر جانے کے بعد جی میل اور امیجز کے ساتھ بنے سرچ لیبس کے آئیکون کو کلک کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔