کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹا گرام نے ریلز کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس کا مقصد صارفین کیلئے ان ویڈیوز کی تلاش آسان بنانا ہے جو وہ پہلے دیکھ چکے ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے واچ ہسٹری نامی فیچر کو متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے جو کہ انسٹا گرام ریلز ویڈیوز کی ہسٹری جاننے میں مدد فراہم کرے گا، ایڈم موسیری نے توقع ظاہر کی ہے کہ اب آپ ان ویڈیوز کو تلاش کرسکیں گے جو اس سے قبل ڈھونڈنے میں ناکام رہے تھے۔
یہ فیچر ریلز ویڈیوز دیکھنے کے شوقین افراد کیلئے مددگار ثابت ہوگا، خاص طور پر اس وقت اگر وہ کسی دلچسپ ویڈیو کو دیکھ رہے ہیں مگر حادثاتی سکرولنگ یا ایپ ریفریش ہونے کی وجہ سے اسے دیکھنے سے محروم ہو جاتے ہیں، اس فیچر کو استعمال کرنا بھی آسان ہے۔
انسٹا گرام ایپ میں سیٹنگز، پھر یور ایکٹیویٹی اور پھر واچ ہسٹری پر کلک کرکے اس فیچر تک با آسانی رسائی ممکن ہے، اس فیچر میں سب سے اوپر وہ ویڈیوز موجود ہوں گی جو حال ہی میں دیکھی ہوں گی اور نیچے پرانی ویڈیوز کو دیکھنا ممکن ہوگا، صرف یہی نہیں بلکہ صارفین کسی مخصوص تاریخ پر جا کر بھی اس دن کے مواد کو دیکھ سکتے ہیں۔



