یوٹیوب نے صارفین کیلئے منفرد اور معلوماتی فیچر متعارف کرا دیا

Published On 05 December,2025 08:59 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) یوٹیوب نے اپنے صارفین کے لئے ایک منفرد اور معلوماتی فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے وہ پورے سال میں دیکھی گئی ویڈیوز کی مکمل تفصیل ایک ہی جگہ پر دیکھ سکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق یوٹیوب نے صارفین کیلئے ایک نیا فیچر ’’یوٹیوب ریکیپ‘‘ متعارف کرایا ہے، جو اس سال دیکھی گئی تمام ویڈیوز کا خلاصہ پیش کرے گا۔

یوٹیوب ریکیپ صارفین کو یہ بتاتا ہے کہ انہوں نے 2025 میں کون سے چینلز زیادہ دیکھے، ان کی دلچسپی کس قسم کے مواد میں زیادہ تھی اور ان کے دیکھنے کے رحجانات میں کس حد تک تبدیلی آئی۔

اس فیچر میں صارفین کو ان کی ویڈیو دیکھنے کی عادات کے مطابق ایک خاص کیٹیگری بھی دی جائے گی، جس کے ذریعے یوٹیوب ان کی پسند اور دیکھنے کے انداز کے مطابق ان کی شخصیت کو ایک نام دے گا۔

اگر آپ اس فیچر کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تو یوٹیوب کے ہوم پیج یا ’یو‘ ٹیب پر جائیں، وہاں ریکیپ کا بینر نظر آئے گا، اس کے ذریعے آپ اپنی مکمل 2025 کی دیکھنے کی عادات دیکھ سکتے ہیں اور چاہیں تو اسے دوسروں کے ساتھ بھی شیئر کر سکتے ہیں۔

یوٹیوب ریکیپ فیچر موبائل اور ڈیسک ٹاپ دونوں پر دستیاب ہے۔