ہر سال درجنوں آرٹسٹ کئی ماہ کی محنت سے تیار کردہ مٹی کے مجسموں کی نمائش کا اہتمام کرتے ہیں
لاہور(نیٹ نیوز) ڈھیروں ٹن مٹی سے بنائے گئے خوبصورت مجسمے آج کل پرتگال میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں جہاں مٹی کے مجسموں کی نمائش کے 16 ویں سالانہ فیسٹیول فائسا 2018 کا آغاز ہوگیا ہے۔
پرتگال کے جنوبی علاقے الگرو میں یہ میلہ ہر سال منایا جاتا ہے جہاں درجنوں ماہر آرٹسٹ کئی ماہ کی کڑی محنت کے بعد تیار کردہ مٹی کے قدِ آدم مجسموں کی نمائش کرتے ہیں۔
اس فیسٹیول میں 45 ہزار ٹن مٹی کی مدد سے مختلف ادوار میں موسیقی کے شعبے سے وابستہ نامور شخصیات اور موسیقی کے آلات سمیت کم و بیش 100 شاہکار تخلیق کئے گئے ہیں۔ 15 ہزار سکوائر میٹر رقبے پر پھیلے مٹی سے مجسمہ سازی کا یہ میلہ مارچ کے مہینے سے لے کر اکتوبر تک جاری رہے گا۔