ٹوکیو(نیٹ نیوز) جاپان کا 8 سالہ بچہ رائیوسی امائی بروس لی کی فلمیں دیکھ دیکھ کر خود کو اس کردار میں ڈھالنے کی کوشش میں مصروف ہے
اور اس کے لیے وہ ہر روز 4 گھنٹے سے زیادہ ورزش اور ٹریننگ کرتا ہے جس سے اس نے اپنا بدن بروس لی جیسا بنا لیا ہے ،رائیوسی نے تین سال قبل بروس لی کی فلم دی گیم آف ڈیتھ دیکھی تھی جس کے بعد اس نے خود کو سخت محنت کے بعد بروس لی جیسا بنایا اور اب سوشل میڈیا پر اس کے لاکھوں فالوورز ہیں جبکہ اسے کئی ٹی وی پروگراموں میں بھی مدعو کیا گیا ہے ۔
ایک پروگرام ’’سپرکِڈز‘‘ میں اس نے بروس لی کے تمام مشہور ایکشن سین دوبارہ کرکے لوگوں کو حیران کر دیا۔ چھوٹا بروس لی روزانہ صبح 6 بجے بیدار ہوتا ہے اور سکول جانے سے قبل ڈیڑھ گھنٹہ ورزش کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رائیوسی امائی کے فیس بک پر 2 لاکھ 90 ہزار فالوورز ہیں جبکہ انسٹا گرام پر 33 ہزار افراد اس کے مداح ہیں اسی طرح یوٹیوب چینل پر وہ آئے دن اپنی ویڈیوز پوسٹ کرتا ہے ۔ 8 سالہ بچہ مستقبل میں مارشل آرٹ کا ماہر بننا چاہتا ہے تاہم سوشل میڈیا پر ناقدین نے اس کے والدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بچے سے اپنے آئیڈیل کی تلاش میں برداشت سے باہر مشقت کرائی جارہی ہے ۔