راجستھان: (ویب ڈیسک) بھارت کےایک دوردراز علاقے میں ایک دلچسپ کیفیت اس وقت پیدا ہو گئی جب مردہ قرار دیئے گئے ایک بوڑھے نے عین آخری رسومات کے دوران آنکھیں کھولیں اور اٹھ کر بیٹھ گیا۔
95 سالہ بدھ رام راجستھان کے ایک چھوٹے سے گاؤں بختن والا کی دھنی کا رہائشی تھا۔ ہفتے کی دوپہر اس کے سینے میں درد اٹھا جس کے کچھ دیر بعد وہ بے ہوش ہو گیا۔ اہلِ خانہ نے بھاگم بھاگ ڈاکٹر کو بلایا تو اس نے بدھ رام کو مردہ قرار دیدیا ۔ جب اہلِ خانہ کو اس کی خبر ہوئی تو انہوں نے آخری رسومات کے لیے پنڈت کو بلا لیا۔
اس دوران خاندان کے مَردوں نے اپنے سر بھی منڈوادیئے اور بدھ رام کی لاش کو آخری غسل کے لیے شمشان گھاٹ لے جایا گیا۔ جیسے ہی اس پر ٹھنڈا پانی ڈالا گیا تو اس نے اچانک آنکھیں کھولیں اور اٹھ کر بیٹھ گیا۔ اس کے بعد بدھ رام کھڑا ہوگیا اور لوگوں سے بات بھی کرنے لگا۔ یہ منظر دیکھ کر تمام لوگ ششدر رہ گئے۔
بدھ رام اپنے خاندان کے سربراہ ہیں اور اس خبر سے ان کے اہلِ خانہ بہت خوش ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کے زندہ رہنے سے دیوالی کی خوشیاں دوچند ہوجائیں گی۔