لاہور: (روزنامہ دنیا) امریکی ریاست یوٹاہ میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جس میں دو نو عمر لڑکے ایک فلائنگ کلب کے رن وے پر کھڑے ایک تربیتی طیارے میں کسی اجازت کے بغیر بیٹھے اور اسے اڑا کر لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق یوٹاہ میں ورنل کے مقام پر 14 اور 15 سالہ لڑکے ایک مقامی ہوائی پٹی تک پہنچے جہاں انہوں نے تفریح کی خاطر ایک ہوائی جہاز کو سٹارٹ کیا اور نچلی پرواز پر لے گئے اس کے بعد اصل مقام سے 15 میل دور انہوں نے طیارے کو درست انداز میں زمین پر اتارا۔
طیارے کی پرواز کیساتھ ہی متعلقہ ادارے حرکت میں آ گئے اور واقعے کے بعد دونوں کو گرفتار کر لیا گیا تاہم اب انہیں نوجوانوں کے ایک اصلاحی مرکز میں رکھا گیا ہے جہاں انکی تربیت کی جائیگی۔ پولیس حکام نے بتایا دونوں سے اس واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔