نیویارک : (ویب ڈیسک) پاکستان دنیا بھر کے سیاحوں کا مرکز نگاہ بن گیا، فوربز میگزین نے 2019ء میں سیاحتی مقامات کے حوالے سے دس بہترین تفریحی مقامات میں پاکستان کا نام بھی شامل کر لیا۔
معروف میگزین فوربز نے 2018ء کے اختتام پر حال ہی میں 2019ء میں سیر و تفریح کے لیے 10 پسندیدہ ترین ممالک کے تفریحی مقامات پر مبنی ایک فہرست جاری کی جس میں پاکستان کو بھی شامل کیا گیا۔ فوربز کی اس فہرست میں پاکستان کو آٹھویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اس فہرست میں پُرتگال سب سے پہلے نمبر پر ہے، پُرتگال میں موجود آزورز آئی لینڈ اپنی مثال آپ ہے یہی وجہ ہے کہ یہ سیاحوں کی توجہ بآسانی اپنی جانب مبذول کرواسکتا ہے۔
دوسرے نمبر پر مشرقی بھوٹان ہے۔ پہلے پہل متعدد سیاح ہر سال مغربی بھوٹان اور وسطی بھوٹان کی سیر کے لیے جاتے تھے لیکن اب بھوٹان کے مشرقی علاقہ جات نے بھی سیاحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر میکسیکو ہے، چوتھے نمبر پر کولمبیا، پانچویں نمبر پر ایتھوپیا،چھٹے نمبر پر مداگاسکر، ساتویں پر منگولیا، آٹھویں نمبر پر پاکستان، نویں نمبر پر روانڈا اور دسویں نمبر پر دی ٹرکش ریویرا شامل ہیں۔
آٹھویں نمبر پر موجود پاکستان میں ہنزہ،شگار اور کھالپو کی سیر کرنے پر زیادہ زرو دیا گیاہے ۔ سیاحوں کے مطابق قراقرم ہائی وے سے گزارتے ہوئے ان علاقوں کا دورہ اپنے آپ میں ایک خوبصورت تجربہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہزاروں برس پرانی تہذیبیں اور برف پوش پہاڑ پاکستان کو سیاحوں کے لیے مزید پر کشش بناتے ہیں، رپورٹ میں پاکستان کے لوگوں کی مہمان نوازی کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا فوربز میگزین کی فہرست میں شامل ہونا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ حال ہی میںپاکستان میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد سیاحت کو کافی فروغ ملا جبکہ اس کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد بھی کئی مرتبہ کوششیں کی جس میں انہیں خاصی کامیابی بھی حاصل ہوئی۔
حال ہی میں پرتگال نے محفوظ اور اُبھرتے ہوئے پاکستان کا اعتراف کیا تھا اور پرتگالی شہریوں کے لیے نئی ایڈوائزی جاری کی۔ یورپی ملک پرتگال نے اپنے سیاحوں کو پاکستان جانے کی اجازت دی۔ ٹریولر ایڈوائزر میں پاکستان کے سکیورٹی اداروں پر بھی اعتماد کا اظہار کیا گیا جسے سفارتی سطح پر پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا گیا ۔
فہرست میں شامل پاکستان کے سیاحتی مقامات کی دلکش تصاویر