لاہور: (دنیا نیوز) کرسمس کی آمد کا استقبال ہر ملک میں اپنے اپنے روایتی انداز میں کیا گیا۔ چین، میکسیکو اور سپین کے شہریوں نے مقامی روایات کے مطابق گیت گائے اور گرجا گھروں کا رخ کیا۔ بازاروں میں خریداروں کا رش لگا رہا۔ سانتا کلاز بھی بچوں میں تحائف بانٹتے اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہے۔
کرسمس کی آمد پر ہر طرف خوشیوں کے ڈیرے، چین میں کرسمس پرگرجا گھروں میں خصوصی تقریبات، بچوں نے کرسمس کے گیت گا ئے اور تحائف وصول کیے۔
سپین میں شہریوں نے روایتی گیت کے ساتھ گرجا گھروں کا رخ کیا، ادھر بھارت کے شہر احمد آباد میں 110 گھنٹوں کی محنت سے 65 فٹ اونچا کیک تیار کیا گیا۔
میکسیکو میں کرسمس کی شام روایتی تہوار منایا گیا۔ سرخ رنگ کے پھلوں اور سبزیوں سے مجسمے تیار کیے گئے۔ لندن میں کرسمس کے حوالے سے روایتی گوشت کی منڈی لگی رہی جہاں سستے داموں گوشت خریدنے کے لیے شہریوں کا ہجوم رہا، دنیا بھر میں سانتا کلاز کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔