جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں سونامی کی تباہ کاریوں کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 429 تک جاپہنچی جب کہ لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا اور جاوا میں ہفتے کی رات آتش فشاں پھٹنے سے سونامی آیا جس نے قریبی بستیوں کو ملیا میٹ کر کے رکھ دیا۔
سونامی کے باعث املاک کو نقصان پہنچنے کے علاوہ ہلاک افراد کی تعداد 429 ہوگئی اور تقریباً ڈیڑھ ہزار افراد زخمی ہیں۔
سونامی کے باعث لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش اور ریسکیو آپریشن کا عمل بھی جاری ہے، انڈونیشین ڈیزاسٹر ایجنسی کا کہنا ہے کہ 150 افراد اب بھی لاپتہ ہیں جب کہ 16 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
سڑکیں کی ٹوٹ پھوٹ اور بند ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کے لیے بھاری مشینری بھجوائی جاچکی ہے۔
آتش فشاں کے قریب ساحلی پٹی پر مزید سونامی لہروں کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور وہاں رہائش پذیر افراد کو خبردار کیا جاچکا ہے کہ وہ محفوظ مقام پر منتقل ہوجائیں۔