لاہور: (روزنامہ دنیا) ماہرین آثار قدیمہ اور خلائی مخلوق پر یقین رکھنے والوں نے انوکھا دعویٰ کیا ہے جس کے مطابق انہوں نے 800 سال پرانا موبائل فون دریافت کر لیا ہے۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کو آسٹریا سے مٹی کی بنی ہوئی ایسی چیز ملی ہے جس کی شکل جدید موبائل فون سے ملتی جلتی ہے۔ نوکیا کے پرانے ماڈل کے موبائل سے ملتی جلتی اس چیز پر قدیم زبان کے حروف میں کچھ لکھا ہوا بھی ہے جو بالکل موجودہ زمانے کے بٹنوں کی شکل میں ہے۔
اس زبان کے بارے میں زیادہ معلومات نہ ہونے کے باعث بہت سے لوگ اسے افواہ قرار دے رہے ہیں تاہم خلائی مخلوق پر یقین رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ 800 سال پرانا یہ فون ثبوت ہے کہ خلائی مخلوق زمین پر آئی تھی۔ ان افراد کا خیال ہے کہ یہ ماڈل کسی ایسے شخص نے بنایا ہوگا جسے مستقبل کے بارے میں تمام معلومات تھیں۔