ایمسٹر ڈم:: (ویب ڈیسک) دونوں ہاتھوں سے ایک ساتھ مصوری کرنے کو تقریباً ناممکن کہا جا سکتا ہے لیکن ہے نہیں۔ نیدر لینڈ سے تعلق رکھنے والی مصورہ رجاسینا حقیقت کے قریب ترین انسانی تصاویر بناتی ہیں۔ یہ تصاویر اس قدر حقیقی لگتی ہیں کہ کیمرے سے کھینچے جانے کا شائبہ ہوتا ہے۔
یہ حیرت کی بات ہے لیکن اس سے بھی مزید حیرت کی بات ہے یہ کہ مصورہ یہ فن پارے دونوں ہاتھوں سے بیک وقت بناتی ہیں اور دونوں فن پارے ایک دوسرے سے مختلف بناتی ہیں۔
رجاسینا پہلی دفعہ 2010 میں ایک ٹی وی پر منظر عام پر آئیں، وہ بچپن سے ہی مصوری کے شاہکار نمونے ایک عام پینسل سے تخلیق کرتی تھیں۔
رجاسینا کو پہلے اپنا صرف ایک ہنر معلوم تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اسے معلوم ہوا کہ وہ اپنے دوسرے ہاتھ سے بھی ڈرائنگ بنا سکتی ہے۔
18 سال کی عمر میں رجا سینا کئی مصنوعات کے لیے ماڈلنگ کر چکی ہیں، فلموں اور کئی ڈرامہ سیریز میں بھی کام کر چکی ہیں اور اس کے ساتھ ہی بچوں کی ڈچ ویب سیریز میں میزبانی بھی کر چکی ہیں۔
رجا سینا کا ہنر وقت کے ساتھ ساتھ نکھرتا چلا گیا اور ایک دن اچانک سے انھیں احساس ہوا کہ وہ دونوں ہاتھ سے مختلف ڈرائنگ بنا سکتی ہیں اور دونوں پر ایک ساتھ دھیان دے سکتی ہیں۔
لوگوں کے لیے یہ بات ایک ناقابل یقین تھی لیکن رجا سینا نے آن لائن اپنی ویڈیوز کو شیئر کر کے لوگوں کا شک تو دور کر دیا لیکن لوگ مصورہ کا ہنر دیکھ کر ششدر رہ گئے۔