بیگیو: (روزنامہ دنیا) فلپائن میں رنگ بر نگے پھولوں سے بنے فن پا روں کے دلچسپ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، موسمِ بہار کو خوش آمدیدکہنے کیلئے منعقد کئے جانے والے اس سالانہ فیسٹیول میں مختلف انواع کے پھولوں سے تیار کردہ منفرد فن پاروں اور گلدستوں کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا۔
فلپائن کے بیگیو شہر میں یکم فروری سے گزشتہ روز 10مارچ تک جاری رہنے والے اس فلاور فیسٹیول میں ہر فن پارے کی تیاری میں ایک سے زائد رنگوں اور اقسام کے پھولوں کو استعما ل کیا گیا جنہیں نہ صرف سجاوٹ کیلئے استعمال کیا گیا بلکہ لوگوں نے اپنے کندھوں پر اٹھا کر مار چ بھی کیا۔
پھولوں سے دلچسپی رکھنے والے لاتعداد افراد نے اس فیسٹیول میں شرکت کی اور پھولوں کی دلچسپ پریڈ سے بھی محظوظ ہوئے۔ اس فیسیٹول میں روایتی ڈانس کرتے ہوئے لوگوں کا کاررواں خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا، جس کے شرکا نے پھولوں سے بنے لباس پہنے ہوئے تھے۔
کئی سکولوں اور کالجوں کی طالبات نے اپنے تیارکردہ فن پاروں کے ساتھ سڑک پر مارچ کر کے دیکھنے والوں کو مبہوت کر دیا ۔38دن تک جاری رہنے اس فلاور فیسٹیول میں دنیا بھر سے لوگوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقے کے فلیوٹ پر سوار ہو کر مارچ میں حصہ لیا۔ واضح رہے کہ فلاور فیسٹیول کا انعقاد ہر سال موسم بہار کے موسم کی آمد کے موقع پر کیا جاتا ہے۔