(ویب ڈیسک) ذرا سوچیں کہ آپ کو زندگی بھر کوئی کام نہ کرنا پڑے، آپ فلم دیکھیں، کتاب پڑھیں یا پھر سوئے رہیں مگر آپ کو تنخواہ اچھی خاصی ملے اور کام بھی ایسا ہو جس کے لئے صر ف آپ کو حاضری یقینی بنانی ہو۔ یہ نوکری ہمیشہ کیلئے ہو اور آپ کو کہیں اور کام ڈھونڈنے کی کبھی پریشانی ہی نہ ہو۔
2026 میں گاٹن برگ سویڈن میں اسی حوالے سے سرکاری فنڈ پر چلائے جانے والے ایک تصوراتی آرٹ پراجیکٹ کیلئے ایک خوش نصیب شخص کا انتخاب کیا جائے گا۔
اس کام کیلئے کورسویغن میں زیرِ تعمیر ریلوے اسٹیشن جانا ہوگا، وہاں روزانہ گھڑیال کو ضرب لگانا ہوگی جس سے اوپر لگی فلورسنٹ لائٹیں روشن ہوجائیں گی جس سے لوگ جان لیں گے کہ اس بے کار شخص نے کوئی کام کیا ہے۔ اس کے بعد ملازم کو حق ہے کہ وہ کہیں بھی چلا جائے، اس کے بعد ڈیوٹی کے اوقات ختم کرنے کے لیے دوبارہ گھڑیال کو ضرب لگانی ہوگی جس سے اوپر لگی روشنی بند ہوجائے گی۔
اس دوران ملازم کو اسٹیشن پر رکے رہنے کی کوئی ضرورت نہیں اور وہ کلاک اسٹارٹ یا بند کرکے کہیں بھی جاسکتا ہے۔ اچھی خبر یہ ہے کہ یہ نوکری پوری زندگی کے لیے ہے اور آپ کو کوئی نہیں نکالے گا۔ بے کام کی اس نوکری کی تنخواہ بھی کم نہیں یعنی ہر ماہ 2320 ڈالر کی رقم دی جائے گی جو سوا تین لاکھ روپے بنتی ہے۔ ساتھ ہی چھٹیاں، سالانہ اضافہ، پینشن اور دیگر فوائد بھی دئیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ یہ ریلوے اسٹیشن ڈیزائن کرنے والوں کے لیے ساڑھے سات لاکھ ڈالر کا انعام رکھا گیا تھا جسے سویڈن کے ہی دو انجینئرز نے جیت لیا اور انہوں نے انعامی رقم اس عجیب و غریب ملازم کے لیے وقف کردی جو صرف ریلوے اسٹیشن کی روشنیاں کھولنے اور بند کرنے کا کام کرے گا۔ اس طرح یہ رقم کسی بھی شخص کو 120 سال کی تنخواہ دینے کے لیے کارآمد رہے گی۔