قاہرہ: (روزنامہ دنیا) مصر کے دو محبت کرنے والے 85 سالہ حسین اور 81 سالہ عصمت 67 سال کی لمبی جدائی کے بعد رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر کے بزرگ صحافی 65 سال کی باہمی محبت کے بعد رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ، ان کی شادی و نکاح کی تقریب قاہرہ کے وسط میں پریس کلب کی عمارت میں انجام پائی، جہاں سینئر صحافی 85 سالہ حسین قدری دلہا اور 81 سالہ عصمت صادق دلہن کے روپ میں نظر آئے، وہ دونوں خالہ زاد ہیں اور دونوں کے قریبی عزیزوں کے ساتھ ساتھ صحافیوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔
بتایا گیا ہے کہ حسین قدری اور عصمت صادق ایک ساتھ بڑے ہوئے اورایک دوسرے کے عشق میں مبتلا ہو گئے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان کے بڑوں نے 1952 میں دونوں کی منگنی بھی کر دی۔ تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر عصمت کے والد نے منگنی کے اعلان کے چند ماہ بعد ہی اپنا فیصلہ بدل لیا اور بیٹی کی شادی اپنے بھتیجے سے کرنے کا اعلان کر دیا تو ان کے راستے الگ ہو گئے اور لمبی جدائی 67 سال تک برقرار رہی۔