ہالینڈ میں بس سٹاپ اب ‘‘مکھیوں کے سٹاپ’’ میں تبدیل

Last Updated On 16 July,2019 09:24 am

ایمسٹرڈیم: (روزنامہ دنیا) ہالینڈ میں شہد کی مکھیوں کو بچانے اور ان کی افزائش کیلئے بس سٹاپ کی چھتوں پر خصوصی سبز پودے اگائے گئے ہیں جو مکھیوں کو راغب کرتے ہیں۔ اس طرح وہ وہاں رہتے ہوئے زردانے جمع کر سکتی ہیں اور پھلوں کا رس حاصل کر سکتی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آزمائشی طور پر تمام بس سٹاپ ہالینڈ کے مشہور شہر اترخت میں بنائے گئے ہیں جن کی تعداد 316 سے تجاوز کرچکی ہے۔ صرف ہالینڈ میں مکھیوں کی 358 اقسام پائی جاتی ہیں لیکن بدقسمتی سے ان کی نصف تعداد معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے اور حکومت نے اس کا فوری ادراک کرتے ہوئے بس سٹاپ کو ایک چھوٹے باغ میں بدل دیا ہے۔ اب ان پر سبزہ نظر آتا ہے۔ 

توقع ہے کہ اس طرح شہد کی مکھیاں اور ‘‘نحل کلاں’’ (بمبل بی) زردانوں کے ذریعے پودوں کی افزائش کرسکیں گی۔ بس سٹاپ کا سبزہ بارش کے پانی کو جمع کرکے پھلتا پھولتا ہے اور علاقے کو گردوغبار سے بھی بچارہا ہے۔

شاید اگلے مرحلے میں ان کی چھتوں پر سولر پینل بھی لگائے جائیں گے تاہم اس شہر نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ عوامی استعمال کی تمام بسوں کو 2028 سے ایندھن کے بجائے بجلی سے چلایا جائے گا اور اس طرح شہر مزید ماحول دوست ہوجائے گا۔