کولڈ ڈرنک کا کین غلیظ ترین ٹوائلٹ کی صفائی کیلئے کافی

Last Updated On 25 July,2019 07:00 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) کولڈ ڈرنکس یا کولا کو محض ایک مشروب ہی سمجھا جاتا ہے تاہم آپ کو معلوم ہے کہ یہ صرف پینے کیلئے ہی نہیں بلکہ بہت سے اور دوسرے کاموں کیلئے بھی بہترین ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹھنڈے دار ذائقے سے گرمی کو دور کرنے والا یہ مشروب پھولوں کو بچانے، واش روم کی صفائی اور بالوں کو خوبصورت بنانے کے کام بھی آسکتا ہے۔ کولڈ ڈرنک کا ایک کین بھی غلیظ ترین ٹوائلٹ کی صفائی کے لیے کافی ہے، بس اسے ٹوائلٹ پر انڈیل دیں اور ایک گھنٹے تک انتظار کریں اور اس کے بعد اس جگہ کو رگڑ کر پانی سے صاف کر لیں۔

کولا میں موجود آرتھو فاسفورک ایسڈ بالوں کو چمکدار بنانے اور ہلکا سے گھنگریالا پن بھی دیتا ہے۔ اگر کسی وجہ سے کپڑوں پر خون کے دھبے آگئے ہیں تو یہ جادوئی سوڈا مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ آپ بالوں کو کوکا کولا سے دھو کر انہیں بلیچ بھی کرسکتے ہیں۔ اگر کسی کیڑے نے آپ کو کاٹ لیا ہے تو روئی کے پیڈ کو کوکا کولا میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر رکھ دیں، خارش اور جلن میں نمایاں کمی آجائے گی۔

اس مشروب میں موجود ایسڈز اور کیفین جمی ہوئی چربی کو گھلانے کے لیے بہترین ہے اور یہی وجہ ہے اسے برتنوں کو دھونے اور کچن کے کاؤنٹر کی صفائی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔