لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے نجی ہسپتال میں کامیاب سرجری، نوابشاہ کے رہائشی محمد طارق کا وزن 600 پاؤنڈ تک پہنچ گیا تھا، ڈاکٹروں نے چلنے پھرنے کے قابل بنا دیا۔
کامیاب آپریشن کے بعد محمد طارق نامی 39 سالہ شخص نے چہل قدمی شروع کر دی ہے، جبکہ اس سے قبل اس کیلئے چلنا پھرنا ناممکن تھا۔ مریض کو ایمبیولینس کے ذریعے سندھ سے لاہور کے نجی ہسپتال لایا گیا تھا۔
محمد طارق کا کہنا ہے کہ وہ ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے وزن کم کرنے کیلئے اس کی کامیاب سرجری کی۔
مریض کی سرجری کرنے والے ڈاکٹر معاذ کا لاہور نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ محمد طارق نامی مریض نے تقریباً تین ماہ قبل مجھ سے رابطہ کیا تھا، اس وقت اس کی حالت بہت خراب تھی، وزن میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے اس کا چلنا پھرنا بھی محال تھا۔