110 گرام وزن کا دنیا کا سب سے چھوٹا رنگین پرنٹر

Last Updated On 26 November,2019 01:14 pm

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) دنیا کا سب سے چھوٹا کلر پرنٹر آپ کے ایک ہاتھ میں سما سکتا ہے جس کا وزن صرف 110 گرام ہے لیکن یہ گھنٹوں تک مسلسل تین رنگی پرنٹنگ کر سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسے پرِن کیوب کا نام دیا گیا ہے اور اپنی جادوئی خصوصیت کی بنا پر یہ کاغذ، کپڑے، لکڑی، انسانی جلد، دھات اور غیر ہموار سطح پر برق رفتاری سے رنگین تصاویر، پیغامات اور ٹیکسٹ چھاپ سکتا ہے۔ مطلوبہ سطح پر پرنٹر رکھیے اور بٹن دباکر اسے پھیرتے رہیں تو یہ اپنی میموری سے منتخب شدہ تصویر کا ٹیکسٹ فوری طور پر چھاپ دیتا ہے۔

وائی فائی اور آئی فون ایپ سے کنٹرول ہونے والی اس اہم ایجاد کی قیمت 500 ڈالر کے لگ بھگ ہے لیکن یہ بنا رکے چھ گھنٹے تک چھپائی کرسکتا ہے۔ پرن کیوب آج کی تیزرفتار زندگی کے لحاظ سے بنایا گیا ہے۔

بیٹری ایک مرتبہ چارج ہونے پر مسلسل چھ گھنٹے تک کارآمد رہتی ہے۔ اگر آپ اس بیٹری کو دراز میں رکھ دیں تو ایک سال تک بھی اس کی بجلی ختم نہیں ہوتی۔ ایک رنگین کارٹریج مسلسل 415 صفحات چھاپ سکتی ہے۔ پرنٹر کی میموری میں ایک وقت میں 20 تصاویر اور ڈیزائن سماسکتے ہیں۔ اس ایجاد کیلئے انٹرنیٹ پر چندہ اکٹھا کیا گیا تھا جس کے بعد اب اس ماہ حتمی پراڈکٹ سامنے آ چکی ہے۔