کتوں کا گروہ اعلیٰ فوجی اعزاز کیساتھ ’ریٹائر‘

Last Updated On 23 November,2019 04:53 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں انسانوں کی کتوں کے ساتھ انسیت پائی جاتی ہے، اسی طرح کتوں سے سکیورٹی فرائض والے کام بھی دنیا بھر میں لیے جاتے ہیں، اسی طرح کی ایک خبر بھارت سے آئی ہے جہاں بھارت میں تاریخ میں پہلی بار ’’کتوں‘‘ کے ایک گروہ کو اعلیٰ فوجی اعزاز کیساتھ ریٹائر کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں صنعتوں، مارکیٹس اور حکومتی کاروباری اداروں کو سکیورٹی فراہم کرنے والے مرکزی سیکیورٹی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس نے 8 سال تک ادارے میں کام کرنے والے 7 کتوں کو اعزاز کے ساتھ 19 نومبر کو ریٹائر کردیا۔

خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق سی آئی ایس ایف کی جانب سے کتوں کے گروہ کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا اور ایک سپاہی کی طرح الوداع کیا گیا۔

سی آئی ایس ایف نے کتوں کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے تقریب کی تصاویر بھی ٹویٹر پر شیئر کیں اور بتایا کہ ماہر سکیورٹی کتوں کے خصوصی گروہ کو اعزاز کیساتھ ریٹائر کیا گیا۔

 

سی آئی ایس ایف نے ریٹائرڈ کیے جانے والے کتوں کے حوالے سے لکھا کہ اگرچہ وہ کتے بن کر پیدا ہوئے تاہم وہ ایک سپاہی کے طور پر ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ادارے سے نے ساتوں کتوں کو سرٹیفکیٹ اور تعریفی سرٹیفکیٹ سمیت گراں خدمات دینے پر میڈلز بھی دیے۔

کتوں کو دیے جانے والے میڈلز اور سرٹیفکیٹ انہیں تربیت فراہم کرنے والے ان کے ٹرینرز کو دیے گئے اور ان کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

 

بعد ازاں ریٹائر ہونے والے ساتوں کتوں کو جانوروں سے متعلق کام کرنے والی ایک سماجی تنظیم کے حوالے کیا گیا۔

ریٹائرڈ ہونے والے ساتوں کتوں کے گروہ کا نام ’کے 09‘ تھا اور یہ گروہ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) میں خدمات دیتا رہا۔

مذکورہ گروہ کے کتوں کے نام ’کدوس، حنا، کائٹ، جیلی، لکی، لولی، ویر اور جیسی‘ تھا اور انہوں نے 8 سال تک سی آئی ایس ایف میں خدمات سر انجام دیں۔