بھارت میں 31 انگلیوں والی خاتون

Last Updated On 26 November,2019 08:36 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی بڑی ریاستوں میں سے ایک اوڈیسہ میں ایک خاتون سامنے آئی ہے جس کے ہاتھ اور پاؤں پر 11 اضافی انگلیاں ہیں جس کے بعد ہر کوئی انہیں جادوگرنی کہنے لگا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اوڈیسہ کے ضلع گنجام میں رہنے والی 63 سالہ خاتون کمار نائک کی پیدائش ہوئی تو ان کے ہاتھوں میں 12 اور دونوں پاؤں میں 19 انگلیاں تھیں۔

کمار نائک کو اس موروثی جسمانی عیب کے باعث اپنے پڑوسیوں کی جانب سے برے برتاؤ کا سامنا ہے۔ اس کے سبب وہ گنجام میں اپنا گھر چھوڑ کر جانے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہی ہیں۔

 

غربت کی وجہ سے کمار کمار اپنا علاج کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ انہوں نے لوگوں کے برے تبصروں کے ساتھ جینا سیکھ لیا۔ دل چیر دینے والی باتوں کو سننے سے بچنے کے واسطے وہ زیادہ وقت اپنے گھر میں گزارتی ہیں۔

کمار کا کہنا ہے کہ پڑوس میں رہنے والی آبادی یہ سمجھتی ہے کہ وہ کوئی جادوگرنی یا چڑیل ہیں اور اس وجہ سے لوگ اُن سے دور رہتے ہیں۔ البتہ کبھی کبھار لوگ ان کی اس غیر قدرتی حالت کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔

کمار سے ہمدردی رکھنے والی ان کی ایک پڑوسن کا کہنا ہے کہ میں جانتی ہوں کہ وہ ایک طبی مسئلے کا شکار ہے اور اس بات کا لوگوں کی سوچ سے کوئی تعلق نہیں۔ مجھے اس کی حالت پر افسوس ہوتا ہے کیوں کہ وہ علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتی۔