جوہانسبرگ: (روزنامہ دنیا) جیکانا نامی پرندہ خطرے کے صورت میں اپنے بچوں کو پروں میں چھپا کر تیزی سے بھاگ سکتا ہے، جیکانا فیملی میں 8 سے زائد مختلف انواع پائی جاتی ہیں جن میں افریقی جیکانا سب سے زیادہ مشہور ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ پرندہ افریقی علاقے صحارا کی جھیلوں میں عام پایا جاتا ہے۔ اپنی لمبی ٹانگوں اور7 سینٹی میٹر تک پھیلے ہوئے پنجوں کی وجہ سے یہ خشکی پر چل سکتے ہیں اور قدرت کی عطاکردہ خاص ٹانگیں انہیں سبزے اور کائی بھری جھیلوں اور تالابوں میں بھی چلنے میں مدد دیتی ہیں۔
مادہ جیکانا انڈے دینے کے بعد بچوں کی نگہداشت نہیں کرتی وہ صرف اپنے گھر کی چوکیداری کرتی ہے جبکہ نر جیکانا بچوں کو پالتے ہیں۔ نرجیکانا بچوں کی حفاظت اور پرورش کا ماہر ہوتا ہے، خطرے کے وقت یہ پرندہ اپنے بچوں کو پروں میں چھپا کر اٹھا لیتا ہے اور پروں سے نکلی ہوئی ٹانگیں گویا یوں دکھائی دیتی ہیں کہ پرندے کی اضافی ٹانگیں ہیں جو پیدائشی نقص کی وجہ سے نمودار ہوئی ہیں،اس طرح پرندہ اپنے بچوں کو محفوظ مقام تک لے جاتا ہے۔