بنکاک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ایسی عجیب و غریب خبریں سامنے آتی ہیں جنہیں پڑھنے کے بعد فوری طور پر یقین کرنا مشکل ہوتا ہے، متعدد ممالک میں نابینا لوگ بھیک مانگتے ہیں، نابینا لوگوں کے حوالے سے ایک خبر بنکاک سے آئی ہے جہاں پر ایک ’نابینا‘بھکاری لاکھوں کی گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نابینا بھکاری لاکھوں روپے مالیت کی گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا۔ یہ واقعہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کے قریبی علاقے میں پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ شخص ایک مندر کے قریب تقریبا نوے لاکھ مالیت کی ٹیوٹا فارچیونر گاڑی پارک کرتا ہے اور پھر چھڑی اور دیگر سامان اٹھا کر مصروف سڑک پر پہنچ جاتا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی شہری نے اس شخص کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی جس کے بعد تنقید کا طوفان آ گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے پر انکشاف سامنے آیا کہ یہ شخص نابینا ہونے کی ایکٹنگ کررہا تھا اورایسا حلیہ بنا رکھا تھا کہ کوئی اس کو پہچان نہ لے۔
تھائی ویب سائٹ کے مطابق سمپورن کیونز نامی شخص نے پھٹے ہوئے کپڑے پہن رکھے تھے اور بڑے سیاہ چشمے کی مدد سے خود کو نابینا ظاہر کررہا تھا۔
65 سالہ یہ شخص خیرات حاصل کرنے کیلئے گیت گاتا اور موسیقی بھی بجاتا تھا۔ ویڈیو سامنے آنے پر کئی لوگوں شدید تنقید کی جس پر پولیس نے گرفتار کر لیا۔
اس دوران اس شخص نے اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ اس کی بیٹی نے اسے پیسے بھیجنے بند کر دیئے ہیں اور چونکہ وہ جوئے کا عادی اور ایک مقروض شخص ہے اس لئے قرض اتارنے کیلئے اسے یہ سب کرنا پڑ ا۔
پولیس کے مطابق اس شخص نے بتایا ہے کہ گوشت کا کاروبارکرتا تھا تاہم جوئے نے کاروبار تباہ کر دیا اور وہ قرضوں کے بوجھ تلے دب گیا، اس نے امریکا میں مقیم بیٹی کو پیسے بھجوانے کا کہا تو اس نے بھی انکار کردیا جسکے بعد اس نے فیصلہ کیا کہ بھیک مانگ کر گزارہ کرے گا۔ اس سے روزانہ سو سے دوسو بھت( تقریبا پانچ سو سے ایک ہزار پاکستانی روپے) مل جاتے تھے۔
پولیس نے اسے بھکاری کنٹرول ایکٹ کے تحت ایک ہزار بھت (4959روپے) پاکستانی جرمانہ کیا ہے جس کے بعداس نے آئندہ یہ حرکت کبھی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔