انوکھا شوق! ڈاکٹر نے ہزاروں ٹوتھ پیسٹ جمع کر لیں

Last Updated On 01 February,2020 12:40 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں بے شمار افراد دانتوں کے مسائل میں مبتلا ہوتے ہیں اور اس کے لیے فوری طور پر ڈاکٹروں سے رجوع کرتے ہیں تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے کچھ ڈاکٹرز اپنے مریضوں کو مختلف ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنے کی ہدایت دیتے ہیں، تو کچھ لوگ پرہیز جیسے مشوروں سے نوازتے ہیں، ٹوتھ پیسٹ کے حوالے سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے جس نے سب کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے۔ خبر کے مطابق امریکا میں ایک ڈاکٹروں نے ہزاروں ٹوتھ پیسٹ جمع کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا میں بے شمار لوگوں میں یہ شوق پایا جاتا ہے کہ انہیں مخصوص چیزیں جمع کرنے کی عادت ہوتی ہے لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے ڈاکٹر کے بارے میں بتانے والے ہیں جنہیں ٹوتھ پیسٹ جمع کرنے کا بیحد شوق ہے۔

جارجیا کے پیچ سٹیٹ ڈینٹسٹری کے ڈاکٹر وال کول پکوو کا کہنا ہے کہ انہیں ٹوتھ پیسٹ جمع کرنے کا شوق اس وقت سے ہوا جب انہوں نے ایک منفرد عالمی ریکارڈ بنانے کی ٹھان لی تھی جو کہ زیادہ نکالے جانے والے دانت جمع کرنے کا ریکارڈ تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنے ڈینٹل کیرئیر کا آغاز کیا تو میں نے بے شمار لوگوں کے دانت نکالے، پھر مجھے یاد آیا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں ایک ایسا بھی ریکارڈ ہے جس میں سب سے زیادہ نکالے جانے والے دانت جمع کرنا ہے، بعد ازاں میں نے اس ریکارڈ کے حوالے سے آن لائن دیکھنا شروع کیا لیکن مجھے اس بارے میں کچھ نہیں ملا۔

ڈاکٹر وال کول پکوو کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس ابھی بھی لوگوں کے سینکڑوں دانت ہیں مگر پھر میں نے ٹوتھ پیسٹ کی کلیکشن بنانے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے سوچا کہ کیوں نا دانتوں کی جگہ ٹوتھ پیسٹ جمع کیے جائیں تو یہ مجھے دانت جمع کرنے سے زیادہ اچھا لگا۔

ڈاکٹر نے سب سے پہلے 2012 میں ریکارڈ قائم کیا جب انہوں نے 2037 مختلف ٹوتھ پیسٹ کی ٹیوبوں کو جمع کیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی یہ ٹوتھ پیسٹ جمع کرتے رہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اپنے آفس کو ایک ڈینٹل میوزیم میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، میرے پاس آنے والے تمام مریض یہ دیکھ کر بے حد لطف اندوز ہوتے ہیں کہ میرے پاس مختلف فلیورز کے بے شمار ٹوتھ پیسٹ ہیں۔

ڈاکٹر کا مزید کہنا تھا کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں جس بھی ملک میں جاتا ہوں وہاں سے ٹوتھ پیسٹ ضرور خریدتا ہوں۔