11 ماہ کا بھارتی بچہ دس لاکھ ڈالر کی لاٹری جیت گیا

Last Updated On 06 February,2020 09:11 am

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھارتی بچے پر قسمت کی دیوی مہربان ہو گئی، ایک سال کا ہونے میں دس دن باقی ہیں اور ڈرا کے ذریعے دس لاکھ ڈالر ( تقریباً 15 کروڑ پاکستانی روپے) کی لاٹری جیت گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’گلف نیوز‘ کے مطابق اس گیارہ ماہ کے بھارتی بچے کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ سے ہے، جو کروڑ پتی بن گیا ہے۔ بچے کا نام محمد صالح ہے، جو 13 فروری کو ایک سال کا ہو جائے گا، اس بچے کے والد کی عمر 31 سال ہے جبکہ نام رمیس رحمن ہے، جو متحدہ عرب امارات کی ایک پرائیویٹ کمپنی میں اکاؤنٹنٹ کی نوکری کرتے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ٹکٹ جیتنے والے بچے کے والد رمیس رحمن کا کہنا ہے کہ یہ ٹکٹ میں نے گزشتہ ماہ آن لائن خریدی تھی۔ یہ ٹکٹ میں نے اپنے بیٹے (محمد صالح) کے نام سے خریدی تھی۔ میرا بیٹا بہت خوش قسمت ہے، یہ بہت بڑی خوشی ہے، میں اب سوچ رہا ہوں اس رقم کا کیا کروں۔

گلف نیوز کے مطابق رمیس رحمن تاحال اپنے بچے کی تصویر میڈیا کے سامنے نہیں لائے۔

رمیس رحمن کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ چھ سال سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں نوکری کر رہا ہوں، جیتنے والی ٹکٹ کا نمبر 1319 تھا، میں بہت خوش ہوں کہ میرے بیٹے کا مستقل بہت تابناک ہے، اس کی زندگی کا آغاز ہی بہت مثبت انداز میں ہو گیا ہے، اتنی بڑی خوشی ملنے پر میں ستاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
 

Advertisement