انسانی ہاتھوں سے بنا 'دنیا کا قدیم ترین' کنواں دریافت

Last Updated On 06 February,2020 09:09 am

پراگ: (روزنامہ دنیا) یورپی ملک چیک ری پبلک میں 7 ہزار برس قدیم لکڑی سے بنا کنواں دریافت ہوا ہے جسے تاریخ کا قدیم ترین انسانی ہاتھوں سے بنایا گیا کنواں قرار دیا جا رہا ہے۔

چیک ری پبلک میں دریافت ہونے والا یہ کنواں لکڑی سے تعمیر شدہ ہے اور اسے انسانی ہاتھوں سے بنائی گئی لکڑی کی قدیم ترین تعمیر قرار دیا جارہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق یہ 5 ہزار 255 قبل مسیح میں بنایا گیا یعنی اس کی عمر 7 ہزار 275 سال ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اس دور کی ایک غیر معمولی شے ہے کیونکہ اس وقت لوگ تعمیرات میں جدت پسند نہیں ہوئے تھے۔ اس دور میں لوگ سادے مکان بناتے تھے جبکہ وہ چکنی مٹی سے مختلف اشیا بنانے کے ماہر تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اس دور اور اس علاقے کی اپنی نوعیت کی واحد دریافت ہے۔

کنویں کے یہ آثار 2018 میں ایک موٹر وے کی تعمیر کے دوران سامنے آئے تھے، یہ زمین سے 5 فٹ گہرائی میں واقع تھے۔ بعد ازاں اس پر تحقیقی کام مکمل کر کے اب جاری کیا گیا۔