نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں پیزا لینے والے 72 خاندانوں کو قرنطینہ میں جانا پڑا جب انہیں پتہ چلا کہ پیزا پہنچانے والا ڈلیوری بوائے کورونا وائرس کا شکار ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کے ڈپٹی مجسٹریٹ نے بتایا کہ مالویا نگر میں واقع مشہور پیزا چین کے آوٹ لیٹ میں ایک ڈلیوری بوائے میں کورونا وائرس کا پتہ چلایا گیا جس پر وہاں عملے میں شامل دیگر 16 افراد کو قرنطینہ میں بھجوا دیا گیا، بعد ازاں جن گھروں میں پیزا بھجوایا گیا تھا ان تمام خاندانوں کو بھی قرنطینہ کر دیا گیا۔
ڈپٹی مجسٹریٹ مشرا نے علاقے کے عوام سے اپیل کی کہ گھبرانے کی قطعا کوئی ضرورت نہیں، تمام پیزا پہنچانے والے سٹاف کو ماسک پہننے سمیت حفاظتی انتظامات پر عمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب متاثرہ پیزا بوائے کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ اس کے ساتھ عملے کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔