روم: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں، جبکہ اس وقت یورپی ممالک میں سب سے زیادہ متاثر اٹلی ہے جہاں پر 21 ہزار سے زائد ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہیں۔ تاہم اٹلی میں پچھلے کچھ عرصے کے دوران سے کچھ اچھی خبریں بھی آ رہی ہیں۔ اسی حوالے سے اٹلی سے ایک خبر آئی ہے جہاں پر معمر جوڑے نے شادی کی 50 ویں سالگرہ اس ہسپتال کے بستروں پر ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر منائی، جہاں ان کا کورونا وائرس کا علاج چل رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 73 سالہ جیانکارلو اور 71 سالہ ساندرا وینٹی لیٹر پر تھے اور ایک دوسرے کے ہاتھ تھامے ہوئے تھے اور منظر کو نرس رابرٹا فیریٹی نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا اور اب تصویریں انٹرنیٹ پر وائرل ہوچکی ہے۔
4 اپریل کو ان کی شادی کی سالگرہ تھی اور اب یہ جوڑا صحتیاب ہوکر ہسپتال سے گھر واپس جاچکا ہے۔ اگرچہ شادی کی گولڈن جوبلی کو جس طرح جوڑا منانا چاہتا تھا، وہ تو ممکن نہیں ہوا مگر طبی عملے نے اپنی کوشش سے اس موقع کو ان کے لیے یادگار بنادیا۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی سے اچھی خبر، 6 ماہ کی بچی اور 102 سالہ خاتون نے کورونا کو شکست دیدی
نرس نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ساندرا بہت زیادہ رو رہی رہی تھی، مگر اپنے لیے نہیں بلکہ وہ اپنے شوہر کے لیے بہت فکرمند تھی، جبکہ ان کے شوہر نے مجھے بتایا تھا کہ وہ اپنی بیوی سے کتنی محبت کرتا ہے اور اتنے برسوں بعد بھی اس میں کمی نہیں آسکی۔
نرس کا مزید کہنا تھا کہ جب ہمیں معلوم ہوا کہ ان کی شادی کی سالگرہ ہے تو میں نے سوچا کہ اسے منایا جانا چاہیے۔ یہ تقریب 10 منٹ تک چلتی رہی اور اس دوران عملے نے حفاظتی ملبوسات کا استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: 107 سال کی بزرگ خاتون اور 101 سالہ معمر شخص نے کورونا وائرس کو شکست دیدی
طبی عملے نے چھوٹے کیک کے اردگرد 50 موم بتیاں رکھ دیں مگر انہیں روشن نہیں کیا کیونکہ آکسیجن کے قریب ان کو جلانا ممکن نہیں تھا، جوڑے کے بستروں کو اتنا قریب کردیا کہ وہ اپنے ہاتھ تھام سکیں، جبکہ نرسز اور دیگر نے ارگرد جمع ہوکر اپنے ہاتھوں سے دل کے نشان بنائے۔
رابرٹا فیریٹی نے کہا کہ وہ بہت اچھا لمحہ تھا، بہت خوبصورت، اس طرح کے لمحات ہی ہمارے اندر موجودہ حالات میں ہر طرح کی قربانی دینے کا حوصلہ پیدا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 99 سالہ خاتون نے کورونا وائرس کو شکست دیدی
انہوں نے کہا کہ جیانکارلو مسلسل دہراتے رہے کہ وہ ساندرا سے کتنی محبت کرتے ہیں، یہ دیکھ کر ہماری آنکھوں سے آنسو بہنے لگے، ہوا میں اس محبت کا احساس ہورہا تھا جس کا تعاقب زندگی بھر لوگ کرتے ہیں۔
ہسپتال کے عملے نے ان تصاویر کو جوڑے کے بچوں کو بھیج دیا تھا جنہوں نے اسے زبردست تحفہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا ہمارے والدین جیسے جوڑے اب دنیا میں موجود نہیں۔
اٹلی یورپ میں اس وبا سے متاثر ہونے والا پہلا ملک تھا مگر اب نئے کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے، جس سے توقع پیدا ہورہی ہے کہ بہت جلد صورتحال کافی حد تک بہتر ہو جائے گی۔