ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں عید کے موقع پر مٹی کاغذ اور لکڑیوں سے بنے گگو گھوڑے بچوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
عید کے موقع پر شہر میں جگہ جگہ سڑک کنارے فٹ پاتھ پر رنگ برنگے گگو گھوڑے بچوں کی تفریح کا باعث بن گئے ہیں، مٹی، کپڑے، گھاس پھوس اور کاغذوں کی مدد سے بنے کھلونے نہ صرف دیکھنے میں خوبصورت ہیں بلکہ خریدنے میں بھی انتہائی سستے ہیں جس پر بچوں کی بڑی تعداد ہر سال عید پر یہ گگو گھوڑے خرید کر اپنی خوشیاں دوبالا کرتی ہے۔
پرانے گتے اور فالتو کاغذوں کو استعمال میں لا کر ان سے گگو گھوڑے تیار کرنے والے خانہ بدوش بھی بچوں میں ان اشیا کو اونے پونے داموں بیچ کر ان کی خوشی میں ہی خوش دکھائی دیتے ہیں۔
عید کی مناسبت سے مصنوعی طوطے، چڑیا اور ہاتھی بھی تیار کئے جاتے ہیں جنہیں دیکھنے اور خریدنے کیلئے بچوں کی بڑی تعداد فٹ پاتھ پر سجائے گئے ان اسٹالز کا رخ کرتی ہے۔